اپر چترال میں تین روزہ پیرا گلائڈنگ فیسٹول کا انعقاد یکم اکتوبر سے کیا جارہا ہے ۔

چترال ( محکم الدین )  عالمی سطح پر اپر چترال کو  پیراگلائڈنگ کے لئے ایک موزن ترین ، پر امن  اورسیاحتی علاقےکے طور پر پیش کرنے کیلئے پہلی مرتبہ اپر چترال میں تین روزہ پیرا گلائڈنگ فیسٹول کا انعقاد یکم اکتوبر سے کیا جارہا ہے ۔ جس میں بڑی تعداد میں کراچی ، لاہور، گلگت سےتعلق رکھنے والے نیشنل لیول کے پیرا گلائڈرز حصہ لیں گے ۔ فیسٹول کیلئے پیراگلائڈرز کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔ اور اب تک 70 پیراگلائڈرز کی رجسٹریشن کی گئی ہے ۔ جن میں 20 مقامی پیراگلائڈرز بھی شامل ہیں ۔ جبکہ دیگر پائلٹوں کاتعلق ملک کے دوسرے شہروں سے ہے۔ پیراگلائڈنگ میں شہرت رکھنے والے سنیئر پائلٹ ظہیرالدین بابر نے میڈیا سےبات کرتےہوئے کہا ۔ کہ اپر چترال کا پورا علاقہ پراگلائڈرز کی جنت ہے ۔ یہاں بے شمار  مقامات موجود ہیں ۔ جو پائلٹ کے اڑان بھرنے کیلئے انتہائی طور پر موزون ہیں ۔ ان میں سےزائینی پاس کو خصوصی اہمیت حاصل ہے ۔ اسلئے فیسٹول کو بھی زائینی پاس پیراگلائڈنگ فیسٹول کا نام دیا گیا ہے۔  پائلٹ 12ہزار فٹ  بلند زائینی پاس سے اڑان بھریں گے ۔ انہوں نے کہا ۔کہ پیراگلائڈنگ دو مرحلوں پر مشتمل ہے ۔ جس میں ایک  مقابلہ سپاٹ لینڈنگ کا ہے ۔ پائلٹ کاغلشٹ کی پہاڑی سے اڑان بھریں گے ۔ اور جو پائلٹ نشاندہی شدہ مقام پر یا اس کے قریب ترین اترےگا۔ وہ اول پوزیشن کا حقدار ٹھرے گا ۔ دوسرا مقابلہ XCفلائنگ یعنی طویل دورانیے پر محیط اڑان کا ہے ۔ جس کیلئےمجموعی طور پر دو گھنٹے دیے گئےہیں۔ دو گھنٹے  فضا میں رہنے کے بعد جو پائلٹ نشاندہی  کردہ مقام یا قریب ترین میں اترےگا ۔ وہ بھی پہلے انعام کا حقدار قرار دیا جائے گا ۔ تین روزہ فیسٹول کے دوران جیپ ریلی کے انعقاد پر بھی سوچاجارہا ہے ۔ فیسٹول ڈسٹرکٹ انتظامیہ اپر چترال کی زیر نگرانی انجام پائے گا ۔ اس سلسلے اپر چترال انتظامیہ نے اس امید کا اظہارکیاہے۔ کہ یہ فیسٹول علاقےمیں سیاحت کی ترقی کیلئے سنگ میل ثابت ہو گا ۔ اور سرمائی سیاحت کو بھی ترقی ملے گی ۔