خیبرپختونخواہ

کراچی میں بارش سے موسم خوش گوار، سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا

کراچی:

شہر قائد میں کالی گھٹائیں چھاگئیں اور بارش سے موسم خوش گوار ہوگیا تاہم شدید بدانتظامی کے باعث سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں۔شہر کے مضافاتی علاقوں سے شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ وسطی علاقوں میں بھی پہنچ گیا اور کہیں ہلکی تو کہیں موسلادھار بارش کا سبب بنا۔ بارش شروع ہوتے ہی مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی اور کے الیکٹرک کے کئی فیڈرز متاثر ہوگئے۔نکاسی آب کے مؤثر انتظامات نہ ہونے کے باعث شہر میں کئی علاقے زیر آب آگئے۔ سڑکوں اور گلیوں میں پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک جام ہوگیا جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔دوپہر کو دیکھتے ہی دیکھتے آسمان پر کالے بادل امڈ آئے جس کے بعد ابر رحمت برس اٹھا۔ بارش سے شہر میں گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی اور شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کی جانب سے متوقع مون سون بارشوں کے حوالے سے جاری نئی ایڈوائزری کے مطابق مون سون سسٹم کے اثرات مشرقی سندھ میں داخل ہوگئے ہیں، کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، نواب شاہ، جیکب آباد، شکارپور، دادو اور جامشورو میں بارشیں 25 ستمبر تک جاری رہ سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو شہرکازیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا اور نمی کا تناسب 78 فیصد رہا۔

Sept. 23, 2021, 1:39 p.m. | کی تحریر ھے Ishpata Webdesk یہ