پاکستان میں سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے قومی سیاحتی پالیسی کی تشکیل پر اہم اجلاس
پاکستان میں سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے قومی سیاحتی پالیسی کی تشکیل پر اہم اجلاس
اسلام آباد: پاکستان میں قومی سیاحتی پالیسی کی تشکیل کے لیے اہم اجلاس کل وزیراعظم سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان کی صدارت میں ہونے والے اس اجلاس میں بڑی تعداد میں شرکاء نے شرکت کی، جنہوں نے بذریعہ زوم اور براہ راست شرکت کرتے ہوئے قومی سطح پر سیاحت کے مواقع اور مسائل پر اپنی آراء پیش کیں۔
اجلاس کے دوران چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے قومی سیاحتی پالیسی کا ابتدائی مسودہ تیار کرنے کے لیے ایک فوکل پرسن مقرر کیا، جو جلد وزیراعظم کو منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ یہ اقدام ملک بھر میں سیاحت کے فروغ کے لیے ایک جامع اور حکمت عملی پر مبنی پالیسی کی تشکیل کی جانب اہم قدم ہے۔ مجوزہ پالیسی میں ماحولیاتی سیاحت، انفراسٹرکچر کی ترقی، ثقافتی ورثے کا تحفظ، اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ جیسے اقدامات شامل ہیں، جن کا مقصد ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو راغب کرنا ہے۔
پاکستان کے سیاحتی شعبے سے وابستہ افراد نے اس اقدام کو بھرپور انداز میں سراہا اور خوش آئند قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ایک دوراندیش قدم ہے جو سیاحت کو ملکی ترجیحات میں اہم مقام دے گا۔ بہت سے افراد نے امید ظاہر کی کہ اس پالیسی سے روزگار کے نئے مواقع، اقتصادی ترقی، اور پاکستان کی سیاحتی خوبصورتی کا مثبت عالمی تاثر اجاگر ہوگا۔
یہ پالیسی پاکستان کے وسیع ثقافتی ورثے اور متنوع قدرتی مناظر کو اجاگر کرتے ہوئے پائیدار سیاحتی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ سیاحت کے شعبے کو ضروری توجہ اور وسائل فراہم کیے جائیں۔