چترال کی معروف سماجی و مذہبی شخصیت قاری فیض اللہ چترالی 26 نومبر کو بیس روزہ دورے پر کینیا روانہ ہوں گے
چترال کی معروف سماجی و مذہبی شخصیت قاری فیض اللہ چترالی 26 نومبر کو بیس روزہ دورے پر کینیا روانہ ہوں گے
چترال کی معروف سماجی و مذہبی شخصیت قاری فیض اللہ چترالی امام کسائی ایجوکیشن انسٹی ٹیوٹ، نیروبی کی دعوت پر جمعرات 26 نومبر کی صبح بیس روزہ دورے پر کینیا روانہ ہوں گے۔
اپنے دورۂ کینیا کے دوران وہ امام کسائی ایجوکیشن انسٹی ٹیوٹ کی سالانہ گریجویشن تقریب میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ نیروبی سمیت کینیا کے مختلف شہروں میں قائم قرآنی مکاتب، مدارس اور دینی و تعلیمی مراکز کا دورہ کریں گے، جہاں وہ تدریسی و دعوتی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے ساتھ اساتذہ، طلبہ اور ذمہ داران سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
واضح رہے کہ کینیا میں قائم یہ دینی ادارے حضرت قاری فضل الٰہی صاحب رحمہ اللہ، سابق استاذِ تجوید جامعہ دارالعلوم کراچی، اور آپ کے تلامذہ کی شبانہ روز محنت کا ثمر ہیں۔ حضرت قاری فضل الٰہی صاحب رحمہ اللہ 1974ء میں کینیا تشریف لے گئے تھے، جہاں انہوں نے اشاعتِ قرآن اور تعلیمِ تجوید کے میدان میں ایسی عظیم خدمات انجام دیں کہ آج پورے کینیا میں قرآنِ کریم کی تعلیم و اشاعت کی ایک مضبوط اور وسیع روایت قائم ہو چکی ہے۔
حضرت قاری فضل الٰہی صاحب رحمہ اللہ نے خود بارہ دینی ادارے قائم کیے، جبکہ آپ کے شاگردوں نے ملک بھر میں تقریباً تین سو مدارس، قرآنی مکاتب اور دینی مراکز کی بنیاد رکھی، جن میں حفظ و ناظرہ کے مکاتب، جامع درسِ نظامی کے مدارس برائے بنین و بنات اور دیگر تعلیمی ادارے شامل ہیں۔
حضرت قاری صاحب کی وفات کے بعد ان کے چھوٹے بھائی حضرت قاری حسین احمد صاحب المعروف قاری حسین اور حضرت قاری صاحب کے صاحبزادے قاری رویس الٰہی یہ خدمات سنبھالے ہوئے ہیں۔ قاری حسین احمد صاحب ماشاء اللہ ام القرٰی یونیورسٹی مکہ معظمہ اور مدینہ یونیورسٹی کے ممتاز فاضل اور رابطہ عالم اسلامی افریقہ کے ذمے دار ہیں۔ وہ کینیا میں بہت مشہور ہیں اور نیروبی میں عربوں کی پانچ مساجد میں خطبات جمعہ دیتے ہیں۔ جہاں عرب ان کو بڑے شوق سے سننے جاتے ہیں۔ حضرت قاری صاحب فضل الہٰی اور آپ کے بھائی قاری حسین احمد صاحب کا تعلق اپر چترال کی تحصیل موڑکھو کے علاقے گہت سے ہے، جو بلاشبہ پورے چترال کیلئے فخر اور اعزاز کی بات ہے۔
قاری فیض اللہ چترالی حضرت قاری فضل الٰہی علیہ الرحمہ کے ممتاز شاگردوں میں شمار ہوتے ہیں، اور ان کا یہ دورہ اسی مبارک روایت سے وابستگی اور اس کے فروغ کا تسلسل ہے۔
اللہ تعالیٰ حضرت قاری فضل الٰہی صاحب رحمہ اللہ کی تمام دینی و قرآنی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے اور ان کے قائم کردہ اس عظیم مشن کو مزید وسعت اور استحکام نصیب فرمائے۔ آمین۔